Saturday, 2 July 2011

مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطہ میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا‘ حکومت توانائی سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے‘وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی

    اسلام آباد ۔ (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطہ میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا‘ حکومت توانائی سمیت درپیش مسائل کے حل کے لئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے‘ ڈرون حملے ناقابل برداشت ہیں‘ ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کے لئے پیپلز پارٹی کے رہنما رابطہ میں ہیں۔ جمعہ کو پی ٹی وی کے پروگرام ”وزیراعظم آن لائن “میں کالرز کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی‘ سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا‘ عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر ہمارے موقف کی حمایت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی خودمختاری سے صوبے مضبوط ہوں گے‘ تمام وزرائے اعلیٰ ہمارے ساتھ مل کر صوبائی خودمختاری کا جشن منائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر 40 سال قبل ملک کی قیادت صوبائی خودمختاری دے دیتی تو مشرقی پاکستان کا سانحہ پیش نہ آتا۔ انہوں نے کہا کہ 1973ءکے آئین میں صوبائی خودمختاری کا اعلان کیا گیا تھا جو اب موجودہ حکومت کے دور میں پورا ہو رہا ہے۔ انہوں نے 18ویں ترمیم کی منظوری کے بعد عملدرآمد کمیشن کے چیئرمین اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی جنہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز اور نواز لیگ سمیت تمام سیاسی رہنماﺅں کے ساتھ مشاورت کے بعد ان کی تجاویز کو شامل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو 57 فیصد سے زائد محاصل ملیں گے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ وفاقی حکومت بھی اپنا شیئر صوبوں کو منتقل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے وسائل بڑھنے سے روزگار کے مواقع ملیں گے‘ معیشت بہتر ہوگی اور عوام کو خوشحالی ملے گی۔ ملک میں بجلی کی قلت اور لوڈشیڈنگ سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی پالیسی پر عمل کیا جاتا تو لوڈشیڈنگ نہ ہوتی ‘ پاکستان بجلی برآمد کرنے کی پوزیشن میں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے پاور سیکٹر پر توجہ دی۔ آئی پی پیز کے منصوبوں پر کام ہوا لیکن بدقسمتی سے ان کے بعد کی حکومتوں نے ان منصوبوں کو جاری نہ رکھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کا بحران دور کرنے کے لئے جامع اقدامات کر رہے ہیں‘ ہمارے دور میں قومی گرڈ میں دو ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہوا۔ دیامر بھاشا ڈیم ‘ تھرکول پراجیکٹ‘ ایران کے ساتھ توانائی کے منصوبہ پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کے لئے اقدامات جاری رہیں گے۔ ایک اور سوال پر وزیراعظم نے کہا ہے کہ معیشت پر دباﺅ کی وجوہات میں عالمی کساد ‘ گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب اور زرعی شعبہ کے مسائل بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے باوجود حکومت نے ایک متوازن بجٹ پیش کیا۔ موجودہ دور حکومت میں زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا۔ سٹیٹ بینک سے قرضوں پر انحصار کم کیا گیا‘ ہم چاہتے ہیں کہ مستقل طور پر غیر ملکی امداد پر انحصار نہ ہو‘ ہم نے امداد نہیں تجارت کی پالیسی اختیار کی ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے حالیہ انتخابات کے متعلق انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اتحاد اور مسلم کانفرنس کی تقسیم کے باعث ہماری جماعت نے کامیابی حاصل کی۔ ان انتخابات میں کشمیریوں نے کشمیر کاز کے لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے موقف اور ہمارے منشور کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی اخلاقی‘ سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے منشور کے باعث حالیہ ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کی‘ ہم نے اپنے منشور پر عملدرآمد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک کے غریب لوگوں کی مدد کے لئے معاون ثابت ہوا ہے۔ وسیلہ حق‘ لائف انشورنس اور ہیلتھ انشورنس جیسے پروگراموں کے ذریعے غریبوں کی امداد کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایم کیو ایم کی حکومت سے علیحدگی کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ ہمارا اتحاد تین سال سے زائد عرصہ تک جاری رہا جس سے کراچی کی صورتحال میں بہتری آئی۔ ایم کیو ایم نے 18ویں ترمیم پر ہمارا ساتھ دیا‘ عملدرآمد کمیشن میں فاروق ستار بھی شامل ہیں جن کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم کے کوئی تحفظات ہیں تو ان کے حل کے لئے مذاکرات کریں گے۔ ڈرون حملوں کے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے واضح کردیا ہے کہ ڈرون حملے ناقابل برداشت ہیں جو ہماری خودمختاری کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے غیر مفید ہیں جن سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ہماری سٹریٹجی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے شدت پسندوں اور مقامی قبائل کو علیحدہ کرنے کی کاوشیں کیں تاہم ڈرون حملوں سے وہ پھر یکجا ہو جاتے ہیں‘ ہم نے امریکہ سے کہا ہے کہ ڈرون حملے بند کئے جائیں۔

0 comments:

Post a Comment

Twitter Delicious Facebook Digg Stumbleupon Favorites More

 
Design by Free WordPress Themes | Bloggerized by Lasantha - Premium Blogger Themes | Design Blog, Make Online Money