Tuesday, 26 July 2011

افواج کی زیر حراست شدت پسندوں کے ٹرائل کیلئے نیا قانون لایا جائیگا

اسلام آباد...مسلح افواج کی حراست میں قبائلی علاقوں میں موجود ہزاروں شدت پسندوں کے ٹرائل کیلئے نیاقانون لایاجائیگا۔ ریگولیشن کے مطابق جرم کی نوعیت کے مطابق پھانسی،عمرقید اور دس سال قید تک کی سزائیں بھی دی جاسکیں گی اوردہشت گردی میں ملوث افراد کیلئے خصوصی حراستی مراکز قائم کئے جاسکیں گے۔ جیونیوز کے نمائندے عاصم علی رانا کوذرائع نے بتایاہے کہ ایکشن ان ایڈ آف سول پاور ریگولیشن دوہزارگیارہ کے نام سے لایاجانے والاقانون سوات اور دیگر علاقوں میں موجود زیرحراست شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کیلئے متعارف کرایاجارہاہے،جو یکم فروری2008 سے نافذالعمل ہوگا۔ اس کااطلاق خیبرپختونخواکے زیرانتظام قبائلی علاقوں میں ہوگا۔ قانون کے تحت مسلح افواج کسی علاقہ میں ذمہ داری ملنے پر عام شہریوں کو نکلنے کی ہدایت کریں گی اور دہشت گردی میں ملوث افراد کیلئے خصوصی حراستی مراکز قائم کئے جاسکیں گے۔انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی شکایت پر تحقیقات کیلئے2 سویلین اور2فوجی افسروں پرمشتمل بورڈ کام کریگا۔ پاٹا کے علاقوں میں نفرت پھیلانے والالٹریچر بانٹنے والا بھی ملزم تصور ہوگا۔ ملزم کو صوبہ بھر میں کسی بھی تحقیقاتی ادارے کے حوالے کیا جاسکے گا،سب سے اہم معاملہ شہادت کا تھا جس کے تحت حراستی مرکز کی طرف سے تیار کی گئی تحقیقاتی رپورٹس اور موادکو عدالت میں تسلیم کیا جائے گا اورمسلح افواج کے افسران کی عدالت میں گواہی کو تسلیم کیا جائیگا اور الزام ثابت کرنے کیلئے یہ گواہی کافی ہوگی۔

لیاری سے نیارکن بلاول ہوگا، جوستمبرمیں آرہا ہے،صدر زرداری

کراچی …صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ ستمبر میں وطن واپس آکر بلاول بھٹو زرداری، لیاری سے الیکشن لڑیں گے۔انھوں نے ہدایت کی کہ لیاری کے عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کواگلے برس تک مکمل کیا جائے۔بلاول ہاوٴس کراچی میں صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت کئی وزراورصوبائی اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت سندھ کی جانب سے لیاری کیلئے دیئے گئے پیکیج پر بات چیت ہوئی۔بعدمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے بتایا کہ صدر نے ہدایت کی کہ لیاری میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے اور صدر خود لیاری کے منصبوں کو مانیٹرکریں گے۔صدر نے لیاری کے بیروزگار نوجوانوں کیلئے پانچ سو رکشے تقسیم کرنے کی بھی ہدایت کی۔شرجیل میمن نے بتایا کہ صدر کا کہنا تھا کہ لیاری کے لوگوں کو شکایات ہیں کہ انکے ارکان اسمبلی انہیں نہیں ملتے اب بلاول بھٹو زرداری لیاری سے الیکشن لڑیں گے۔

لارڈزٹیسٹ،انگلینڈ کے ہاتھوں بھارت کو 196رنز سے شکست

لندن…کرکٹ کے دو ہزارویں ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو 196رنز سے ہرا دیا اورچار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ہی میچ میں فتح حاصل کر کے ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ،لارڈز میں جاری تاریخی ٹیسٹ کے آخری دن بھارت کو ٹیسٹ میں فتح کے لیے مزید 378رنز بنانے تھے،جب کہ اس کی نو وکٹ باقی تھیں لیکن انگلش بولرز کے سامنے بھارتی بیٹسمین بے بس دکھائی دیئے،راہول ڈریوڈ 36،گمبھیر 22رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے،لکشمن نے 56رنز کی اننگز کھیلی،سچن ٹنڈولکر 12رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،سریش رائنا نے کچھ مزاہمت کی لیکن وہ بھی 78رنز بنا کر ہمت ہار گئے اور بھارت کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 261رنز پر آوٴٹ ہو گئی اور196رنز سے شکست سے دوچار ہو گئی۔

بارہ پولیس افسروں کی بطور ایس پی تعیناتی

کراچی…آئی جی سندھ واجد علی درانی نے بارہ پولیس افسروں کو بطور ایس پی تعینات کرنے کا نوٹی فیکشن جاری کردیا ہے۔جس کے مطابق عامر فاروقی کو اے آئی جی آپریشن ، طارق دہاریجو کو ایس پی صدرساؤتھ، اکرم ابڑو کو ایس پی سٹی ساؤتھ، وقار ملہن کو ایس پی گلشن ایسٹ، محمدعلی وسان کو ایس پی موٹر ویکل برانچ، حسیب افضل بیگ کو ایس پی شاہ فیصل، شاہ جہاں کو ایس پی سائٹ،جام نصرالله دہاریجو کو ایس پی بلدیہ ویسٹ، نعمان صدیقی کو ایس پی لیاقت آباد، عبدالسلام شیخ کو ایس پی گلبرگ سینٹرل، ملک محمد افضل کو ایس پی گڈاپ ملیر اور عثمان غنی کو ایس پی ملیر تعینات کردیا گیا ہے۔

فلم میرے برادر کی دلہن کا ٹائٹل سونگ منظرعام پر آگیا

ممبئی… بالی ووڈ اداکارعمران خان،کترینہ کیف اور پاکستانی پاپ گلو کار علی ظفر کی آنے والی فلم میرے برادر کی دلہن کا ٹائٹل سونگ منظرِعام پر آگیا ہے۔ اس گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں عمران خان نے بالی وڈ پر کئی سالوں سے حکمرانی کر نے والی تین سپر اسٹار خانز شاہ رخ،عامر اور سلمان کو انھیں کے انداز میں خراجِ تحسین بھی پیش کیا ہے ۔عمران خان اس گانے میں سلمان خان کی سپرہٹ فلم دبنگ کا پینٹ کی بیلٹ پکڑنے کا اسٹائل اورشاہ رخ خان کے مقبول گانے چھیا چھیا میں انھیں کی طر ح چلتی ٹرین پر کھڑے ہوکر پر فارم کر تے نظر آرہے ہیں۔ یش راج بینر تلے بننے والی اس فلم میرے برادر کی دلہن کو 9ستمبر کوعام نمائش کیلئے پیش کر دیا جائے گا۔

کراچی: ایف سی کو دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں کارروائی کی اجازت

کراچی…حکومت سندھ نے کراچی کے دہشت گردی سے متاثرہ تمام علاقوں میں ایف سی کو کارروائی کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں داخلی و خارجی راستوں پر ایف سی تعینات کی جائے گی جبکہ علاقوں کے اندر پولیس اور رینجرز کارروائی کریں گی۔ گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم اور اے این پی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرتشدد واقعات میں ملوث ملزمان کے بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں وزیرداخلہ منظور وسان ، نجمی عالم ،راشد ربانی اور وقار مہدی نے پیپلز پارٹی ، ڈاکٹر صغیر، رؤف صدیقی اور شیخ افضل جبکہ بشیر جان اور رانا گل آفریدی نے متحدہ قومی موومنٹ کی نمائندگی کی۔ واضح رہے دہشتگردی سے متاثرہ کئی علاقوں میں ایف سی کو تعینات کیا جاچکا ہے۔

ڈی جی ایف آئی اے کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا جائے،چیف جسٹس

اسلام آباد…سپریم کورٹ میں این آئی سی ایل کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ڈی جی ایف آئی اے کو معطل کر کے گرفتار کیا جائے۔ سماعت کے دوران جب سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ عدالت میں پیش ہوئے تو رجسٹرار نے ڈی جی ایف آئی اے کی طلبی سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ رپورٹ کے مطابق پہلے بتایا گیا کہ ڈی جی ایف آئی اے عدالت آرہے ہیں بعد میں پتا چلا کہ وہ کراچی چلے گئے، انہیں صبح سے فون کال کی گئیں۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ریمارکس میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ سے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے کو معطل کر کے ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا جائے۔

آزادکشمیر کے نو منتخب اراکین قانون ساز اسمبلی نے حلف اٹھا لیا

مظفرآباد…آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے اپنے عہدوں کاحلف اٹھالیا۔۔۔۔پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے نام سامنے آچکے ہیں جبکہ صدر کے انتخاب کے لئے شیڈول بھی جاری کردیاگیاہے۔آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے45 نو منتخب ارکان نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا۔سبکدوش ہونے والے اسپیکر نے ارکان سے حلف لیا۔دو ارکان نے حلف نہیں اٹھایا۔ اجلاس میں نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا بھی انتخاب کیاجائے گا۔پاکستان پیپلزپارٹی نے اسپیکر کے لئے سردار غلام صادق جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لئے شاہین کوثر ڈار کو نامزدکیاہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن آزادجموں وکشمیر نے نئے صدر کے انتخاب کے لئے بھی شیڈول جاری کردیاہے۔28 جولائی کو صدر کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے اسی روز جانچ پڑتال کے بعد ناموں کی حتمی فہرست جاری کردی جائیگی۔29 جولائی کو امیدوار اپنے نام واپس لے سکیں گے جبکہ 30 جولائی کو اسمبلی میں صدر کے انتخاب کے لئے پولنگ ہوگی۔آزادکشمیر کے موجودہ صدر راجا زوالقرنین خان کی مدت 25 اگست کوختم ہورہی ہے۔

Monday, 25 July 2011

Sunday, 24 July 2011

تمام سیاسی جماعتوں کو ملکر کراچی کے مسائل کا حل نکالنا ہو گا،وزیرداخلہ

کراچی …وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ امن و امان کا مسئلہ صوبائی مسئلہ ہے، کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر صدر آصف علی زرداری نے کل اجلاس طلب کرلیا ہے۔ یہ بات انہوں نے کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔رحمن ملک کا کہنا تھا کراچی میں کوئی آپریشن نہیں ہورہا، جہاں ضرورت ہوگی وہاں پولیس اوررینجرز کام کریں گی،کوئی بھی ایکشن تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت سے ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کراچی کے مسائل کا حل نکالنا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان لائق آدمی ہیں حالت پر قابو پانے کیلئے انہیں موقع دیا جائے۔رحمان ملک کا کہنا تھا کہ سارک کانفرنس میں 7 نکاتی ایجنڈالے کر گیا تھا اور پاکستان کے موقف کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطہ میں امن و امان اور سلامتی قائم رکھنا تمام ممالک کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ریاستی عناصرہی دہشت گرد ہیں اوریہ ہر ملک میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے35ہزارمعصوم افراد کی ہلاکتوں کی تفصیلات بھی سارک اجلاس میں دیں۔ رحمن ملک نے کہاکہ ملک کو غیر مستحکم کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے جسے ناکام بنائیں گے ۔

امریکا سے دو طرفہ تعلقات رکھنا چاہتے ہیں،یکطرفہ نہیں،وزیرخارجہ

لاہور…وزیرخارجہ حنا ربانی کھرنے کہا ہے کہ ہلیری کلنٹن سے ملاقات میں امریکا کے ساتھ اسٹریٹجک مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔امریکی ہم منصب پر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات رکھنا چاہتا ہے، یکطرفہ نہیں۔حنا ربانی کھروزارتِ خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلے غیر ملکی دورہ سے واپسی پر لاہور ایئر پورٹ پرمیڈیا سے گفتگوکر رہی تھیں، انڈونیشیا کے شہر بالی میں آسیان وزرائے خارجہ کانفرنس کے موقع پر ان کی امریکی اور چینی وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔حناربانی کھرنے کہا کہ ڈاکٹر غلام نبی فائی کی تحریک کشمیر کیلئے خدمات شاندار ہیں،کچھ ممالک خطے میں کریڈٹ لینا چاہتے ہیں لیکن سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان کی ہیں جو ساری دنیاجانتی ہے،انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں،چین پاکستان کا بہترین دوست ہے جس کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات ہیں۔حنا ربانی کھرنے بتایا کہ امریکی وزیرخارجہ سے45منٹ تک ملاقات میں بامقصدبات چیت ہوئی،انہیں بتا دیاگیا کہ پاکستان خود مختار ملک ہے جو اپنی خودمختاری برقرار رکھے گاجبکہ خطے میں پاکستان کا کردار سب سے اہم ہے اور اس حقیقت کو امریکا بھی تسلیم کرتا ہے۔

کراچی میں بدامنی کی لہر جاری، ہلاکتوں کی تعداد 8ہوگئی

کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 8افراد ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے، ملیر میں شدید فائرنگ کے دوران گھروں پرراکٹ لانچرز اور دستی بموں سے حملے بھی کئے گئے۔ کراچی میں گذشتہ روز پرتشدد کارروائیوں کے دوران درجن سے زائد افراد ہلاک بارہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔ اتوار کی سہ پہر تک شہرکے تمام علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر تھی تاہم شام ہوتے ہی مختلف علاقوں میں گولیاں چلنا شروع ہوگئیں۔ دہشت گردی کی اجتماعی واردات نارتھ کراچی میں اندہ موڑ پر ہوئی جہاں دہشت گردوں نے مٹھائی کی دکان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو بھائیوں ظفر احمد اور فرقان احمد سمیت 3افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ اولڈ سٹی ایریا کے رنچھوڑ لائن گھاس منڈی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ سرجانی ٹاوٴن سیکٹر سیون اے میں مسجد کے باہر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے نوید نامی شخص ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ قائد آباد میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے سرجانی ٹاوٴن کا رہائشی دکان دار عرفان ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے۔بلدیہ ٹاوٴن کے علاقے مواچھ گوٹھ میں فائرنگ سے بھی ذیشان ہلاک ہوا جبکہ لیاقت آباد میں بھی فائرنگ کے واقعات میں چھ افراد زخمی ہوگئے۔ ملیر میں مختلف گھروں پر راکٹ لانچر اور دستی بموں سے حملے گئے۔ ملیر آسو گوٹھ، بکرا پیڑی ، داوٴد گوٹھ اور ملت ٹاوٴن میں دو گروپوں میں فائرنگ کا سلسلہ آخری اطلاعات تک وقفہ وقفہ سے جاری ہے جس کی وجہ سے مکین علاقے سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔ علاقے کی دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ لانڈھی 89 میں بھی وقفہ وقفہ سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے۔لانڈھی کے علاقے داوٴد چورنگی پر علاقہ مکینوں نے مورچہ بند فائرنگ کیخلاف شدید احتجاج کیا گزشتہ روز دہشتگردی میں جاں بحق وکیل مختار بخاری ایڈوکیٹ کی نماز جنازہ عباس ٹاوٴن میں اداکر دی گئی۔ اس موقع پرمشتعل افراد نے حکومت کیخلاف نعرے بازی کی قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر علاقے کی دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہوگئے۔

Twitter Delicious Facebook Digg Stumbleupon Favorites More

 
Design by Free WordPress Themes | Bloggerized by Lasantha - Premium Blogger Themes | Design Blog, Make Online Money