کراچی ۔ (بیورورپورٹ) بشیر احمد کھوسو پر مشتمل انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نوجوان سرفراز شاہ کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے الزام میں ملوث6 رینجزر اہلکاروں اور ایک سویلین ملزم پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے (آج) جمعرات کو مدعی مقدمہ سمیت گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔ فاضل عدالت نے بدھ کو سماعت کے موقع پر ملزمان کانسٹیبل محمد طارق، شاہد ظفر، محمد افضل، لانس نائیک لیاقت علی، منٹھار علی، سب انسپکٹر بہاﺅ الرحمان اور سویلین ملزم افسر خان کو الزامات پڑھ کر سنائے، چارج شیٹ میں کہا گیا کہ آپ ملزمان نے 8 جون 2011ءکو بے نظیر شہید پارک بوٹ بیسن میں تقریبا17:30 بجے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سرکاری اسلحہ کے زریعے نوجوان سرفراز شاہ کو نشانہ بنایا اور وہ جاں بحق ہوگیا، اس عمل سے سوسائٹی میں خوف و ہراس پھیلا، یہ عمل انسداد دہشت گردی کی دفعات 6(i)(b),6(ii)(b) اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 34 کے زمرے میں آتا ہے۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ فاضل عدالت نے (آج)جمعرات کو مدعی مقدمہ سمیت 5 گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 8 جون 2011ءکو بوٹ بیسن کے علاقے میں واقع بے نظیر شہید پارک میں نہتے نوجوان سرفراز شاہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ ملزمان کے خلاف بوٹ بیسن تھانے میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302/34 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ءکی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ 227/2011 درج کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے واقعہ کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ سلطان خواجہ کو تفتیشی افسر مقرر کیا تھا۔


01:18
0 comments:
Post a Comment