اسلام آباد (بیورورپورٹ ) وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے دو ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج ، پاکستان میں فرنس آئل کی بلینڈنگ‘ کوہالہ ہائیڈرو پاور منصوبہ‘ واپڈا کی سیکنڈ سکوک کمپنی کو ٹیکس میں چھوٹ اور اچ 2 منصوبہ کا ٹھیکہ کے آر ایل کو دینے کی منظوری دیدی جبکہ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی پیش کردہ یکساں گیس لوڈ مینجمنٹ پالیسی کو بھی منظور کرلیا گیا جس کے تحت دو آئی پی پیز کو گیس کی فراہمی آئندہ پانچ ماہ تک جاری رہے گی تاہم دو آئی پی پیز کو دیگر ایندھن کے استعمال کے لئے کہا جائے گا۔ پنجاب میں سی این جی سٹیشنوں کو تین دن جبکہ سندھ میں دو دن کے لئے گیس کی فراہمی بند رہے گی۔ قدرتی گیس کی قیمتوں پر نظرثانی کا معاملہ کابینہ میں غور و خوض کے لئے موخر کردیا گیا۔ جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل سید نوید قمر کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہو ا جس میں 12 سے زائد امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کے وفاقی وزراءاور سیکرٹریز نے شرکت کی۔ ای سی سی نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے دو ارب روپے کی خصوصی سبسڈی فراہم کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ رمضان پیکج کے تحت ملک بھر میں تمام یوٹیلٹی سٹورز پر آٹے‘ گھی‘ خوردنی تیل ‘ چنے‘ چینی‘ چنے کی دال اور کھجور سمیت اہم غذائی اشیاءکی کم نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں پاکستان میں فرنس آئل کی بلینڈنگ کی بھی منظوری دیدی گئی جس کے بعد ملک میں پہلی مرتبہ فرنس آئل بلینڈنگ ٹیکنالوجی متعارف کرائی جاسکے گی اور اس سے جدید ٹیکنالوجی کی تنصیب‘ سماجی و اقتصادی فوائد‘ روزگار کے اضافی مواقع پیدا ہوں گے اور تیل کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ ای سی سی نے وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کو ہدایت کی کہ بلینڈنگ کے عمل کی مناسب نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے معیاری طریقہ کار وضع کیا جائے۔ نگرانی کا یہ نظام اوگرا اور ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے زیر نگرانی کام کرے گا جبکہ آئی پی پیز بلینڈڈ فرنس آئل استعمال کریں گی۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی جانب سے پیش کردہ یکساں گیس لوڈ مینجمنٹ پالیسی پر تفصیلی غور و خوض کے بعد ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ دو آئی پی پیز کو قدرتی گیس کی فراہمی آئندہ پانچ ماہ تک جاری رہے گی جبکہ دیگر دو آئی پی پیز کو دوسرا ایندھن استعمال کرنے کے لئے کہا جائے گا۔ اس سے قیمتوں میں آنے والے تفاوت کا ازالہ حکومت کرے گی۔ پالیسی کے تحت پنجاب میں سی این جی سٹیشنوں کو گیس کی فراہمی تین روز جبکہ سندھ میں دو روز کے لئے بند رکھی جائے گی۔ ان اقدام سے بچنے والی گیس سندھ میں بجلی کی پیداوار جبکہ پنجاب میں کھاد‘ صنعتوں اور بجلی کی پیداوار کے شعبہ کو مساویانہ بنیادوں پر فراہم کی جائے گی تاکہ بجلی کی پیداوار کو یقینی بنایا جاسکے۔ان تجاویز پر کابینہ کے آئندہ اجلاس میں مزید غور و خوض کیا جائے گا۔ ای سی سی نے کیال کھواڑ ہائیڈل پاور پراجیکٹ کے لئے غیر ملکی قرضہ کے حکومت کی نئی پالیسی کے مطابق دوبارہ اجراءکی بھی منظوری دیدی۔ کمیٹی نے گیس کی قیمتوں پر نظرثانی کے معاملہ کو آئندہ دو سے تین روز کے لئے موخر کرلیا تاکہ اس پر کابینہ یا وزیراعظم کی سطح پر غور و خوض کیا جائے تاہم گیس کی قیمتوں پر نظرثانی اور اس میں پائے جانے والے بگاڑ کو دور کرنے کے حوالے سے معاشی منطق کو تسلیم کیا گیا۔اجلاس نے واپڈا سکوک کمپنی کو ٹیکس چھوٹ دینے کی بھی منظوری دیدی۔ وزارت خزانہ اس سلسلے میں انکم ٹیکس پر چھوٹ کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔ اجلاس میں گیس پر چلنے والی ایسی آئی پی پیز جو ڈیزل کو بطور متبادل ایندھن استعمال کرتی ہیں کے لئے نیپرا کے متعین کردہ نرخوں میں تبدیلی کی بھی منظوری دی گئی۔ گیس کی عدم فراہمی کے عرصہ میں ہائی سپیڈ ڈیزل کے استعمال پر اضافی اخراجات کا مکمل طور پر ازالہ کیا جائے گا۔ ای سی سی نے اچ 2 ترقیاتی منصوبہ کو خان ریسرچ لیبارٹریز کے زیر انتظام چلانے کے لئے وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کو این او سی جاری کردیا۔ قبل ازیں یہ سمری وزیراعظم کو پیش کی گئی تھی اور انہوں نے اس پر ای سی سی میں غور و خوض کرنے کی ہدایت کی تھی۔ کے آر ایل پہلے ہی سب سے کم بولی دے کر اس منصوبہ کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل پر آمادگی ظاہر کر چکی ہے۔ ای سی سی نے اس ضمن میں اضافی سیکیورٹی کے امور کی بھی منظوری دیدی۔


00:48

Posted in:
0 comments:
Post a Comment