اسلام آباد ۔(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر ہاﺅسنگ اینڈ ورکس مخدوم سید فیصل صالح حیات نے بے قاعدگیوں کے الزامات پر دو افسران کو معطل کردیا ہے۔ حقائق کی روشنی میں تیار شدہ انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر پاک پی ڈبلیو ڈی سپرنٹنڈنگ انجینئر کفایت اللہ‘ ایگزیکٹو انجینئر فیض احمد فیض کو معطل کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر ہاﺅسنگ و تعمیرات مخدوم سید فیصل صالح حیات کی ہدایات پر وفاقی سیکرٹری کامران لاشاری نے یہ محکمانہ کارروائی کی ہے۔ انکوائری افسر کی رپورٹ میں یہ کہا گیا ہے کہ ” نئے سیکرٹریٹ بلاک کی تعمیر “ کانسٹی ٹیوشن ایونیو اسلام آباد نامی ایک منصوبے کی تکمیل کے دوران یہ دونوں افسران شدید بے قاعدگیوں کے مرتکب ہوئے۔ یہ انضباطی کارروائی ” گورنمنٹ سرونٹس ایفی شنسی اینڈ ڈسپلنری رولز 1973ء“ کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ مخدوم فیصل صالح حیات نے اپنی وزارت اور اس سے ملحقہ محکموں میں سو فیصد شفاف طریقہ کار اپنانے اور اچھے اسلوب حکمرانی لانے کا عزم کر رکھا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے چیف انجینئر مسعود اختر‘ رانا سلیم اور خالد اختر ایس ای کو کمالیہ پل کی تعمیر اور ساندھیاں والا سڑک میں بڑی بے قاعدگیوں کے الزامات میں معطل کیا جہاں ٹھیکیداروں کو مکمل ادائیگی کردی گئی مگر موقع پر کوئی کام نہیں ہوا۔ وفاقی وزیر نے اپنے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مستقبل میں وزارت ہاﺅسنگ و تعمیرات کے تحت منصوبوں میں جہاں کہیں بھی جرم کا ارتکاب پایا گیا اور بدعنوانی کی گئی تو محکمانہ طور پر اقدامات کئے جائیں گے۔


00:19
0 comments:
Post a Comment