کراچی (آئی این پی) کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سرفراز شاہ قتل کیس میں گرفتار ملزمان کے وکلاءکو کیس سے متعلق سی ڈی فراہم کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت (آج) جمعہ تک ملتوی کر دی۔ جمعرات کے روز کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسہ کی عدالت میں سرفراز شاہ قتل کیس کی سماعت شروع ہوئی تو ملزمان کے وکلاءنے انسداد دہشت گردی کے ایکٹ کی دفعہ 23 کے تحت عدالت میں درخواست پیش کی کہ یہ مقدمہ انسداد دہشت گردی کے زمرے میں نہیں آتا لہٰذا کیس کو سیشن عدالت میں منتقل کیا جائے۔ سماعت کے دوران ملزمان کے وکلاءکا کہنا تھا کہ ملزمان کے عمل سے کوئی دہشت گردی نہیں ہوئی اور نہ ہی عوام میں خوف و ہراس کی فضاءپیدا ہوئی۔ عدالت نے اس درخواست پر سپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو (آج)جمعہ کوطلب کر لیا۔ عدالت نے کہا ہے کہ پبلک پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد اس درخواست پر فیصلہ کیا جائے گا اور اس کے بعد گواہوں کے بیان قلمبند کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا۔ سماعت کے دوران عدالت میں ملزمان کے وکلاءنے درخواست کی کہ کیس سے متعلق سی ڈی فراہم کی جائے جس کو عدالت نے مسترد کر دیا اور انسداد دہشت گردی کے جج بشیر احمد کھوسہ نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ اس مرحلہ پر واقعہ کی سی ڈی فراہم نہیں کی جا سکتی۔ کیس کی مزید سماعت (آج) جمعہ تک ملتوی کر دی گئی۔


00:45
Posted in:
0 comments:
Post a Comment