اسلام آباد'' این آئی سی ایل کیس نے پیر کے روز اس وقت ڈرامائی صورت اختیار کر لی جب حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر دوبارہ انکوائری افسر مقرر ہونے والے پولیس گروپ کے گریڈ 21 کے افسر اور ایم ڈی نیشنل پولیس فاؤنڈیشن ظفر قریشی کو ملازمت سے معطل کر دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ظفر قریشی کو معطل کرنے کا نوٹیفکیشن وزارت داخلہ نے جاری کیا ہے جس پر ڈپٹی سیکرٹری فدا حسین آفریدی کے دستخط ہیں۔ اس خط میں ظفر احمد قریشی سے مخاطب ہو کر کہا گیا ہے کہ آپ نے دو جولائی 2011ء کو الیکٹرانک میڈیا پر جو ریمارکس دیئے۔ وہ وفاقی ادارے کے وقار کے منافی تھے۔ آپ کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے خط لکھا کہ وہ 21 گھنٹے میں اپنی پوزیشن واضح کریں کہ کیوں نہ مس کنڈکٹ کے رولز 1964ء کے رول 18اور 22 کے تحت آپ کے خلاف کارروائی کی جائے۔ آپ نے مقررہ وقت میں اپنا مؤقف پیش کیا لیکن اس کا جواب غیرتسلی بخش پایا گیا لہٰذا مجاز اتھارٹی کی منظوری سے آپ کو ملازمت سے معطل کیا جاتا ہے۔ ظفر قریشی چونکہ پولیس گروپ کے افسر ہیں اس لئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ڈی ایم جی کے گریڈ 22 کے افسر شفقت نغمی کو انکوائری افسر مقرر کر دیا ہے اور ظفر خان قریشی کو باقاعدہ چارج شیٹ جاری کی جا رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ معطلی مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور سینئر وزیر چوہدری پرویز الٰہی کی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد عمل میں آئی۔ ذرائع نے بتایا کہ چوہدری برادران نے وزیراعظم سے یہ شکایت کی تھی کہ ظفر قریشی سیاسی بنیادوں پر مونس الٰہی سے متعصبانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں اس کا نوٹس لیا جائے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیرداخلہ رحمن ملک نے ظفر قریشی کو بلا کر یہ قائل کرنے کی کوشش کی تھی کہ وہ مونس الٰہی کیس میں نرمی اختیار کریں لیکن ظفر قریشی نے انکار کردیا اور کہا کہ وہ میرٹ پر کیس کی انکوائری کریں گے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ظفر قریشی کی معاونت کرنے والے تفتیشی افسران کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے اور ڈی جی ایف آئی سے ظفر قریشی نے درخواست کی تھی کہ انک ٹیم کے ممبران واپس تعینات کئے جائیں تاکہ وہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق کیس کی انکوائری مکمل کریں تاہم انہیں ملازمت سے ہی معطل کردیا گیا ان پر مجاز نہ ہونے کے باوجود میڈیا سے غیر ضروری گفتگو کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ظفر قریشی کا تعلق سرگودھا کے سیاسی گھرانے سے ہے اور انکے بھائی مظہر قریشی 2002 کے الیکشن میں ق لیگ کے ٹکٹ پر ایم این اے منتخب ہوئے تھے تاہم اب چوہدری برادران سے انکے سیاسی اختلافات ہیں۔ ظفر قریشی ملازمت کے آخری سال میں ہیں اور وہ مدت ملازمت پوری کرکے 30 ستمبر 2011 کو ریٹائر ہوجائیں گے انہیں یکم فروری 2011 کو ایم ڈی نیشنل پولیس فاؤنڈیشن مقرر کیا گیا تھا۔لاہور سے نمائندہ جنگ کے مطابق وفاقی حکومت نے این آئی سی ایل سکینڈل کی تحقیقات کرنے والے 4 افسروں کی صوبہ بدری کے بعد گزشتہ روز لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، گجرات، حیدرآباد میں تعینات ایف آئی اے کے مزید 36 افسروں کو تبدیل کر دیا ہے ذرائع کے مطابق ان افسروں کے تبادلوں کا مقصد تین روز قبل این آئی سی ایل سکینڈل کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کے تبادلوں کا جواز بنانا ہو سکتا ہے تاکہ یہ ثابت کیا جا سکے کہ تبادلے معمول کی بات ہے۔ ایف آئی اے میں برس ہا برس سے ان نوعیت کے تبادلوں کی مثال نہیں ملتی کہ افسروں کو ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں ٹرانسفر کر دیا گیا ہو ایف آئی اے کی تاریخ میں ایسی چند ہی مثالیں ہیں ان میں بھی کسی افسر کو بطور سزا تبدیل نہیں کیا گیا جن 36 افسروں کو تدبیل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں ان میں ایس پی عہدہ کے ایک ڈپٹی ڈائریکٹر 21 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور 14 انسپکٹرز شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالشکور میمن کو کراچی سے اسلام آباد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مشتاق احمد شیخ کو کراچی سے لاہور، عبدالحمید بھٹو کو کراچی سے سیالکوٹ، سعید احمد وٹو کو سیالکوٹ سے کراچی، طارق پرویز کو پشاور سے اسلام آباد، طارق توصیف کو پشاور سے اسلام آباد، انسپکٹر عہدہ کے میاں محمد صابر، صارم گیلانی، نصراللہ، سرفراز علی اور محمد ندیم کو کوئٹہ، اعجاز احمد، امان اللہ، ہاشم رضا، سرور وڑائچ، شوکت علی کو اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


11:58
0 comments:
Post a Comment