میانوالی..... میانوالی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف سیاسی و سماجی تنظیموں کی اپیل پر ہونے والے لانگ مارچ پر پولیس کی فائرنگ سے 3 مظاہرین جاں بحق ہوگئے ۔ مظاہرین نے ڈی سی او اور دیگر افسران کو یرغمال بناکر اسلحہ چھین لیا جبکہ مشتعل مظاہرین کے پتھراؤ اور پولیس کے لاٹھی چارج سے پولیس اہلکاروں سمیت 30 افراد زخمی ہو گئے۔ لانگ مارچ کے باعث ضلع بھر میں شٹر ڈاوٴن کیا گیا اور سڑک بلاک ہونے کے باعث کاروبار زندگی متاثر ہوا ۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن افتخار اکبر رندھاوا نے پولیس فائرنگ سے شہریوں کی ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کو پریشان حال عوام پر سراسر ظلم قرار دیا ۔ اے پی پی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مظاہرین پر پولیس فائرنگ کے نتیجے میں تحریک انصاف کے ایک کارکن سمیت 3 افراد کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پنجاب کے حکمرانوں کی مکمل ناکامی قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انجمن تاجران کی کال پر مظاہرین احتجاج کیلئے ریلوے اسٹیشن چوک پر جمع تھے اور مطالبہ کر رہے تھے کہ بجلی پیدا کرنے والے میانوالی کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ جہاز چوک پر مظاہرین سے مقامی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ تقاریر کے بعد مظاہرین کے ایک گروپ نے چشمہ بیراج کی طرف مارچ شروع کیا تو پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ جس پر مظاہرین اور پولیس میں تصادم ہو گیا۔


11:57
0 comments:
Post a Comment