Sunday, 3 July 2011

مڈ ٹرم کا وقت ختم ہو چکا نواز شریف آئندہ الیکشن کی تیاری کریں وزیر اعظم گیلانی

وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی کی ملتان ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت
 ملتان 03۔۔وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ مڈٹرم الیکشن کی بات کرکے عوام کی توجہ ہٹانے کی بجائے صوبائی حکومتیں عام انتخابات سے پہلے بلدیاتی انتخابات کرائیں‘بلدیاتی انتخابات عوام کاحق ہے‘مڈٹرم الیکشن کا وقت گزرچکا ہے ۔موجودہ حکومت چوتھا بجٹ پیش کرچکی ہے اب عام انتخابات ہی ہونگے‘ شمالی وزیرستان میں کسی کے کہنے پر ایکشن نہیں کریں گے‘ امریکہ کو کبھی بھی شمسی بیس سے ڈرون حملوں کی اجازت نہیں دی گئی‘ کساد بازاری اور بڑھتے ہوئے پیداواری اخراجات کامقابلہ کرنے کےلئے بجلی کے نرخ بڑھائے گئے لیکن اس کے برعکس گیس کی قیمتیں اسی طرح برقراررہیں اوراب بھی ہم گھریلو صارفین کاخیال رکھیں گے۔ملتان ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم سیّد یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ مڈٹرم الیکشن کی بات کرنےوالوں کو معلوم ہوناچاہیے کہ مڈٹرم انتخابات آپ کے بس میں نہیں ہیں ویسے بھی عوام نے تمام الیکشنوں میں آپ کے نتائج دیکھ لیے ہیں۔وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ میں بلدیاتی نظام اور بلدیاتی انتخابات کے حق میں ہوں، میں نے خود نچلی سطح سے سیاست کاآغاز کیا اور پھروزارت عظمیٰ کے منصب تک پہنچا، اس نظام کے ذریعے گراس روٹ لیول سے قیادت ابھرتی ہے۔انہوںنے کہاکہ عام انتخابات کےلئے حکومت ہمیشہ کام کرتی رہتی ہے اوراب بھی کام کررہی ہے۔اب تک جتنے بھی انتخابات ہوئے ان میں پاکستان پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی ۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات کے علاوہ ملک میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھی پاکستان پیپلزپارٹی نے کامیابی حاصل کی۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اتحادیوں کاہم سے جدا ہونا سیاسی عمل کاحصہ ہے، سیاست میں صورتحال روزانہ تبدیل ہوتی ہے جو منظر نامہ آج ہے شاید کل نہ ہو، اتحادی ہم سے جدا ہوئے لیکن قومی امور پر تو کوئی بھی ہم سے جدا نہیں ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مشکل ترین فیصلے میرے دور میں ہوئے، 73ءکے آئین کی بحالی کوئی آسان کام نہیں تھا، ماضی میں سب نے وعدے تو کئے مگر کوئی اس آئین کو بحال نہ کرسکا، یہ سہرا ہمارے سر ہے کہ ہم نے بھٹو صاحب کے آئین کو اس کی اصل حالت میں بحال کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اتحادیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے قومی امور پر ہمارا ساتھ دیا۔ ایم کیو ایم کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ ایم کیو ایم ہماری اہم اتحادی رہی ہے اور ہر قومی مسئلے پر اس جماعت نے ہمارے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا،18ویں ترمیم اور 19 ترمیم کی منظوری اور پھراس ترمیم پرعملدرآمد کےلئے بننے والے کمیشن میں فاروق ستار بھی شامل تھے۔وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ مفاہمت کی سیاست محترمہ بے نظیر بھٹو کی سوچ اوروژن تھا اور ہم اس کو آگے بڑھارہے ہیں‘مفاہمت کی سیاست محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنے منشور میں شامل کررکھی تھی اوران کا منشور یہ تھا کہ آئندہ جوبھی حکومتیں بنائی جائیں گی وہ کوئی واحد جماعت نہیں بناسکے گی۔وزیراعظم نے کہاکہ میں اس حوالے سے کبھی بھی غلط فہمی میں نہیں رہا‘میں نے پہلے روز سے مفاہمت کی سیاست کی اور برملا کہاکہ اس وقت قومی اسمبلی کی 342اور سینٹ کی 100نشستیں ہیں۔یہ صورتحال اتنی آسان نہیں کہ کوئی واحد پارٹی حکومت قائم کرسکے۔اسی بنیاد پر ہم نے مفاہمت کی سیاست کوآٓگے بڑھایا اور اس کے ثمرات بھی حاصل کیے۔وزیراعظم نے کہا کہ 18ویں اور19ویں ترمیم ،این ایف سی ایوارڈ اورصوبائی خودمختاری مفاہمت کی سیاست کا نتیجہ ہیں۔انہوںنے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ جو لوگ مفاہمت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے تھے اور ہمارے اتحاد پر تنقید کرتے تھے انہوںنے بھی ہمارے موقف کو اپنایا ہے‘آج نوازشریف اگر ایم کیو ایم کے ساتھ بات چیت کےلئے تیارہیں تو وہ ہماری طرح مفاہمت کے راستے پر چل رہے ہیں۔لوڈشیڈنگ اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ ہم نے برسراقتدار آکر بجلی کے نئے کنکشنوں کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کیے اوریونین کونسل کی سطح تک بجلی پہنچائی گئی جس کے نتیجے میں بجلی کی طلب زیادہ بڑھ گئی‘ہم بجلی کی پیداوار میں دوہزارمیگا واٹ اضافہ کرچکے ہیں اتنے ہی مزید میگا واٹ پائپ لائن میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھاشادیامیر ڈیم پر کام جاری ہے‘تھرکول پراجیکٹ پر کام ہورہاہے ۔ایران سے بجلی کامعاہدہ ہوچکا ہے اور 1100کلومیٹر تک لائنیں بھی بچھ چکی ہیں۔انہوںنے کہاکہ بجلی کے نرخ اس لیے بڑھائے گئے تاکہ کساد بازاری اور بڑھتے ہوئے پیداواری اخراجات کامقابلہ کیا جاسکے لیکن اس کے برعکس گیس کی قیمتیں اسی طرح برقراررہیں۔اب بھی ہم گھریلو صارفین کاخیال رکھیں گے تاہم ابھی ان تجاویز پر غور کیا جارہاہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ شمسی ایئربیس کے بارے میں میں نے پہلے بھی وضاحت کی تھی کہ امریکہ کو کبھی بھی اس بیس سے ڈرون حملوں کی اجازت نہیں دی گئی۔سابق حکومت نے نگرانی کےلئے یہ ایئربیس استعمال کرنے کی اجارت دی تھی لیکن اس وقت بھی ڈرون حملوں کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔انہوںنے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سرحدوں کی صورتحال پر اعلی سطح کے رابطے ہوئے۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل کیانی بھی اس سلسلے میں افغانستان گئے تھے۔خارجہ سیکرٹری کی سطح پر وفد بھی بھیجاگیا۔افغان حکومت کے ساتھ ہمارے تعلقات پہلے سے کہیں بہترہیں۔شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن سے متعلق سوال کاجواب دیتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ ہم وہاں کسی کے کہنے پر ایکشن نہیں کریں گے۔حکومت اورفوج کی صورتحال پر نظر رہے جب ملکی مفاد میں ہوگا اس وقت وہاں فوجی کاروائی ہوگی ہمیں اس حوالے سے کسی کی مشاورت کی ضرورت نہیں۔

0 comments:

Post a Comment

Twitter Delicious Facebook Digg Stumbleupon Favorites More

 
Design by Free WordPress Themes | Bloggerized by Lasantha - Premium Blogger Themes | Design Blog, Make Online Money