Wednesday, 29 June 2011

سپریم کورٹ کی خروٹ آباد واقعہ کی رپورٹ عام کئے جانے کی صورت میںعدالت عظمیٰ کو نقل فراہم کرنے کی ہدایت

 اسلام آباد (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے بلوچستان ٹارگٹ کلنگ مقدمہ کی سماعت تین ہفتے کیلئے ملتوی کرتے ہوئے خروٹ آباد واقعہ کی رپورٹ عام کئے جانے کی صورت میں سپریم کورٹ کو بھی نقل فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ منگل کو چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی ۔اٹارنی جنرل اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ بلوچستان اعظم خٹک پیش ہوئے ،اعظم خٹک نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ 262افراد ٹارگٹ کلنگ،بم بلاسٹ وغیرہ میں مرے ہیں ،560افراد زخمی ہوئے جبکہ جائیداد کو نقصان پہنچانے کے625واقعات ہوئے ۔215ملین روپے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو معاوضہ دیا گیا ۔115ملین ایف سی اہلکاروں کے لواحقین کو دیئے گئے ۔عدالت کے استفسار پر انہوں ے بتایا کہ فوج،ایف سی اور لیویز کے دوران ڈیوٹی مرنے والے اہلکاروں کے لواحقین کو 20لاکھ روپے فی کس معاوضہ دیا جاتا ہے جبکہ سول افراد کے لواحقین کو چار لاکھ معاوضہ دیا جاتا ہے ۔اس پر چیف جسٹس نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایسا تو نہ کریں ¾ ہیں تو دونوں ہی انسان ۔یہ کیا بات ہوئی عام آدمی کیا آدمی نہیں ہوتا ۔اٹارنی جنرل صاحب یہ فرق کیوں ہے ؟کیا دونوں کا خون ایک جیسا نہیں تھا ؟۔جسٹس سائر علی نے کہاکہ آپ نے تو الگ الگ کلاسیں بنا دی ہیں ایک عام اور دوسری خواص آدمی کی کلاس ۔آپ نے لاشوں کی ایسی ٹرین بنادی ہے جس میں فرسٹ کلاس ،سیکنڈ کلاس اور تھرڈ کلاس ہیں ۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے سورہ بنی اسرائیل کی آیت پڑھتے ہوئے کہاکہ اس میں لکھا ہے کہ کسی کو ناحق قتل نہ کرو اگر ہو جائے تو پورا پورا قصاص ادا کرو۔انہوں نے کہاکہ ایک انسانی جان کے قتل سے عرش ہل جاتا ہے کسی کا ناحق قتل بہت بڑا ظلم ہے ۔انہوں نے معاوضے میں فرق کے حوالے سے کہاکہ دوران ڈیوٹی مرنے کی وجہ سے معاوضہ کچھ زیادہ ہو سکتا ہے مگر اتنا فرق نہیں ہونا چاہیے ۔جسٹس غلام ربانی نے کہاکہ آپ کی ہی رپورٹ میں موجود ہے کہ وردی میں پولیس والے مریں تو پانچ لاکھ اور آرمی یا ایف سی والے مریں تو بیس لاکھ معاوضہ دیا جاتا ہے ۔عدالت نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ معاوضے کی ادائیگی کے حوالے سے فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور اور آئندہ سماعت پر اس حوالے سے رپورٹ دی جائے چیف جسٹس نے کہاکہ جو 180لاشیں ملی ہیں ان کے بارے میں کیا معلوم ہوا ؟۔لواحقین کا پتہ چلا ؟کوئی مقدمہ وغیرہ درج ہوا یا نہیں؟ ۔نامعلوم افراد کیخلاف مقدمات درج کرلیے جاتے ہیں بعد میں جس کو چاہا فٹ کر دیا ۔عدالت نے حکم دیا کہ مرنے والوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کی جائیں کہ نامعلوم لاشیں کتنی ملی ہیں کتنوں کے مقدمات درج ہوئے لواحقین کو کتنا معاوضہ دیا گیا اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ آئندہ سماعت پر رپورٹ دی جائے ۔مغوی وکلاءکے حوالے سے عدالت کے استفسار پر اعظم خٹک نے بتایا کہ آغا زاہد کے حوالے سے مقدمہ بلوچستان ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت ہے ۔درخواست گذار کے وکیل کامران مرتضیٰ نے وقت مانگا ہے ۔عدالت نے حکم دیا کہ وکلاءکی بازیابی کے حوالے سے چیف سیکرٹری اقدامات تیز کریں ۔خروٹ آباد واقعہ کے متعلق چیف جسٹس نے کہاکہ میڈیا کے مطابق کمیشن نے اپنی رپورٹ پیش کر دی ہے عدالت نے ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے رپورٹ عام کئے جانے کی صورت میں اس کی نقل سپریم کورٹ کو بھی فراہم کیا جائے ۔عدالت نے مزید سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کردی اور اٹارنی جنرل سے کہاکہ وہ معاوضوں میں فرق کم کرنے کے حوالے سے ذاتی دلچسپی لیں ۔

0 comments:

Post a Comment

Twitter Delicious Facebook Digg Stumbleupon Favorites More

 
Design by Free WordPress Themes | Bloggerized by Lasantha - Premium Blogger Themes | Design Blog, Make Online Money