اسلام آباد ۔ (لائیو پاکستان ڈاٹ کام) وزارت قانون و انصاف نے ایبٹ آباد واقعہ اور صحافی سلیم شہزاد کے قتل کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے کمیشن کے نامزد ارکان کے ناموں کی منظوری کیلئے دو الگ الگ سمریاں وزیراعظم کو ارسال کر دی ہیں۔ منگل کو ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری قانون پیر مسعود چشتی نے بتایا کہ وزارت قانون نے ایبٹ آباد واقعہ پر بنائے گئے کمیشن جس کی سربراہی سپریم کورٹ کے جج جسٹس جاوید اقبال جبکہ انکے ساتھ دیگر ارکان سابق آئی جی عباس خان، جنرل (ر) ندیم احمد اور اشرف جہانگیر قاضی کے نام شامل ہیں کی منظوری کیلئے وزیراعظم کو سمری ارسال کر دی ہے جبکہ صحافی سلیم شہزاد کے قتل کی تحقیقات کیلئے جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں کمیشن بنایا گیا ہے جس میں وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس جسٹس محمد آغا رفیق، آئی جی پنجاب، آئی جی اسلام آباد اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر پرویز شوکت کے نام شامل ہیں۔ دوسرے کمیشن کی منظوری کیلئے بھی سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پیر کو حکومت کی جانب سے کمیشن کے ناموں کیلئے سپریم کورٹ کو خط ارسال کیا گیا جس پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس جاوید اقبال اور جسٹس ثاقب نثار کے نام حکومت کو بھجوائے تھے۔


23:53
Posted in:
0 comments:
Post a Comment