کراچی(خصوصی رپورٹ)پاکستان میں 11کروڑ افراد غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ ہر دس پاکستانیوں میں سے 6کی یومیہ آمدنی صرف 170روپے ہے۔پاکستان کی کی آبادی اس وقت تقریبا 17 کروڑ کے لگ بھگ ہے جن میں سے 11کروڑ افرادغریب سے غریب ترہوتے جا رہے ہیں جس کی ایک بنیادی وجہ حکومت کی جانب سے یومیہ بنیادوں پر 300کروڑ روپے کے نوٹ چھاپنا ہے جس سے افراط زر میں اضافے کے ساتھ ساتھ روپے کی قدر بھی کم ہوتی جا رہی ہے ۔پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اشیا خوردنوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے باعث گذشتہ 3برسوں میں 57فیصد لوگ غربت، بھوک اور افلاس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ اس وقت ہر 10پاکستانیوں میں سے 6 پاکستانی خوراک پر یومیہ 100روپے خرچ کرتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق گیارہ کروڑ پاکستانیوں کی اکثریت ایسی غربت کا شکار ہے جو نسل در نسل چلی آتی ہے اور تعلیم کی کمی، بدعنوان حکمرانی ، ملک میں سرمایہ کاری نہ ہونے اور ملک کے داخلی جھگڑوں کی وجہ سے عوام کی اکثریت غربت کا شکار ہے جبکہ حکومت ان کی بہتری کے لئے کوئی اقدامات اٹھانے کو تیار نہیں دکھائی دیتی۔ایک رپورٹ کے مطابق 2021 میں پاکستان کی آبادی 22 کروڑ تک پہنچ جائیگی اور ملک میں غربت کو نہ روکا گیا تو 2021 میں 22 کروڑ میں سے 13 کروڑ لوگ غربت کی زندگی گزار رہے ہونگے اور 2030 تک ملک کی آبادی 25 کروڑ تک پہنچ جائیگی جس میں سے 15 کروڑ لوگ غریب ہونگے۔ایک سروے میں 88 فیصد پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ تین ماہ میں افراط زر بڑھا ہے جبکہ 8 فیصد کے خیال میں ملک میں افراط زر میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جبکہ 4 فیصد لوگوں کا خیال تھا کہ گذشتہ تین ماہ میں افراط زر میں کمی واقع ہوئی ہے۔ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری اور امن امان کی خراب صورتحال کی وجہ سے اکثریت محفوظ روزگار اور محفوظ زندگی گزارنے سے دور ہے جبکہ 4 کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔پاکستان میں حکومت کی ناقص کارکردگی اور بیکار پلاننگ کی وجہ سے بیشتر لوگ روزگار سے محروم ہیں اور توانائی کے بحران کی وجہ سے معیشتوں کے بند ہونے کے باعث لوگ گھروں میں بیٹھ گئے ہیں اوراگر یہی صورتحال رہی تو 11 کروڑ لو گوں کو زندگی گزارنے میں مزید دشواریاں پیش ہونگی۔


00:42
0 comments:
Post a Comment