Saturday, 2 July 2011

ایم کیو ایم کے دوستوں کو منانے کے لئے پوری کوشش جاری ہے، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ

کراچی (بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے دوستوں کو منانے کے لئے ہماری پوری کوشش جاری ہے اور اس سلسلے میں کچھ اور لوگ بھی مصروف عمل ہیں، سیاست میں کوئی بھی چیز حرف آخر نہیں ہوتی ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ متحدہ قومی موومنٹ والوں نے کہا ہے کہ ہم بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے حکومت محتاط رہے تو وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں پہلے سے محتاط ہوں۔ وہ جمعہ کو وزیر اعلیٰ ہاﺅس میں یوم صوبائی خودمختاری کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر آئینی اصلاحاتی کمیٹی کے سابق سربراہ سینیٹر میاں رضا ربانی ، وفاقی وزیر سید نوید قمر اور صوبائی مشیر قیصر بنگالی نے بھی اظہار خیال کیا۔ تقریب میں قائم مقام گورنر سندھ نثار کھوڑو، قائم مقام اسپیکر سیدہ شہلا رضا، صوبائی وزراءپیر مظہر الحق، آغا سراج درانی، جام مہتاب ڈہر، شرجیل انعام میمن، سید مراد علی شاہ، حاجی مظفر شجرہ، صوبائی مشیر راشد ربانی، وقار مہدی، ارکان سندھ اسمبلی، نجمی عالم، سعید غنی قاضی بشیر، شہادت اعوان، ساتھی اسحاق و دیگر بھی موجود تھے۔ ایک سوال پر سید قائم علی شاہ نے کہا کہ متحدہ کے اپوزیشن کی بینچوں پر بیٹھنے کے بعد اسپیکر نے فیصلہ کرنا ہوگا کہ اپوزیشن لیڈر جام مدد علی ہوں گے یا کوئی اور۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم والے دوستوں کو منانے کی کوشش کررہے ہیں، وہ 3 سال ہمارے ساتھ رہے ہیں، کوشش یہ ہے کہ وہ آئندہ 2 سال بھی ساتھ رہیں، بات چیت کا سلسلہ بند نہیں ہوا ہے، دوستوں کے جو تحفظات ہیں انہیں دور کریں گے۔ شہر میں جاری لوڈشیڈنگ کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس بارے میں سید نوید قمر سے بات چیت ہوئی ہے۔ قبل ازیں انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ صوبائی خودمختاری مل چکی ہے تاہم کچھ محکموں میں زیادتی ہورہی ہے جو ختم ہونا چاہیئے اور کلی طور پر محکمے ملنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کو منظور کرکے صدر اور وزیر اعظم نے فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا تاریخی دن ہمیں 37 سال کے بعد نصیب ہوا ہے۔ 1973ءمیں جب آئین بنا تھا اس وقت پارٹی کے شہید قائد ذوالفقار علی بھٹو نے یہ قوم سے وعدہ کیا تھا کہ 10 سال کے بعد صوبے خودمختار ہوں گے اور وفاق کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے فرائض ادا کریں گے، تاہم ڈکٹیٹروں نے عوام کو ان کا بنیادی حق نہیں دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد بے نظیر بھٹو کے منشور میں بھی شامل تھا کہ صوبے خودمختار ہوں اور میثاق جمہوریت میں بھی یہ بات تسلیم کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم آسان کام نہیں تھا، ہمارے پاس اسمبلی میں اکثریت بھی نہیں تھیں لیکن اس کے باوجود ساتھیوں کو ساتھ لیکر عوام کو ان کا حق دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے لئے 3 صوبوں کے عوام نے زیادہ جدوجہد کی ہے۔ صوبے کو معاشی خودمختاری ملنے سے صرف سیلز تیکس کی مد میں 40 ارب روپے ملیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں صوبوں کو وفاق کی جانب سے 44 فیصد رقم ملتی تھی اور56 فیصد رقم وفاق رکھتا تھا اب این ایف سی ایوارڈ کے نفاذ سے صوبوں کو 56 فیصد اور وفاق کو 44 فیصد حصہ ملے گا۔ سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ ہمارا یہ یقین تھا کہ سیاسی ڈائیلاگ اور گفت و شنید سے سیاسی عمل کے ذریعے آئین یں ترامیم لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں عدم استحکام اور بندوق کی بات کرنے والے دوستوں سے استدعا کروں گا کہ وہ صرف منفی بیان بازی کے بجائے وفاق کو مضبوط بنانے کی کوشش کریں۔ یہ ملک ہمارا ہے اسے ہم نے ہی سنبھالنا ہے جو اختلافات ہیں انہیں مل بیٹھ کر حل کرنا چاہیئے۔

0 comments:

Post a Comment

Twitter Delicious Facebook Digg Stumbleupon Favorites More

 
Design by Free WordPress Themes | Bloggerized by Lasantha - Premium Blogger Themes | Design Blog, Make Online Money