اسلام آباد (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے پانچ پی سی او ججز کے خلاف صدر آصف علی زرداری کی طرف سے بھیجے جانے والے ریفرنس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر کو بتایا جائے کہ مذکورہ پی سی او ججز کبھی جج تھے ہی نہیں ¾ ریفرنس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار جسٹس فقیر حسین نے سیکرٹری قانون مسعود چشتی کو 28 جون کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ وہ صدر آصف علی زردای کو بتائیں کہ چیف جسٹس نے ان کی طرف سے بھیجے گئے صدارتی ریفرنس کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ خط میں چیف جسٹس کے حوالے سے کہا گیا کہ لگتا ہے کہ صدر پاکستان کو حقائق سے آگاہ نہیں کیا گیا۔اس لیے انہوں نے ان پی سی او ججز کو گھر بھیجنے کی بجائے ان کے خلاف جوڈیشل کونسل کو ریفرنس بھیج دیا۔ صدر کو بتایا جائے کہ سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ دیا تھا کہ آئینی طور پر پی سی او ججز کبھی جج ہی نہیں تھے لہذا ان کے خلاف ریفرنس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے پچھلے ماہ ان ججوں کی اپیلیں خارج کر کے انہیں فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ سات ججوں میں سے دو ریٹائر ہو چکے ہیں جبکہ پانچ اب بھی کام کر رہے ہیں۔ صدر نے ان ججوں کے خلاف ریفرنس بنا کر سپریم جوڈیشل کو بھیجا تھا جس میں کہا گیا کہ آئین کے تحت حکومت کے پاس کسی جج کو ہٹانے کا اختیار نہیں.صرف سپریم جوڈیشل کونسل ہی باقاعدہ کارروائی اور سماعت کے بعد کسی جج کو ہٹا سکتی ہے . صدراتی ریفرنس میں کہا گیا کہ صدر پاکستان چاہتے ہیں کہ سپریم جوڈیشل کونسل اپنی کارروائی کے بعد انہیں بتائے کہ آیا پی سی او پر حلف اٹھا کر ان ججوں نے واقعی کوئی مس کندکٹ کیا تھا اور کیا اس بنیاد پر انہیں جج رہنے کا کوئی حق نہیں ؟ ریفرنس میں یہ بھی کہا گیا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کی رائے لینے کے بعد صدر ان ججوں کو ہٹانے سے متعلق فیصلہ کریں گے تاہم سپریم کورٹ نے اس موقف کو تسلیم کر نے کی بجائے واضح کیا ہے کہ صدر کو بتایا جائے کہ سپریم کورٹ یہ فیصلہ دے چکی ہے کہ یہ سمجھا جائے کہ مذکورہ پی سی او ججز کبھی جج تھے ہی نہیں ۔


00:55
0 comments:
Post a Comment