اسلام آباد (نمائندہ خصوصیئی) پاکستان مسلم لیگ کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور وفاقی وزیر مخدوم سید فیصل صالح حیات نے ماروی میمن کی جانب سے پارٹی فیصلوں پر تنقید کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ ماروی میمن کا ضمیر اس وقت کہاں تھا جب سندھ سے تعلق رکھنے کے باوجود وہ پنجاب کے کوٹہ سے پاکستان مسلم لیگ کا ٹکٹ لے کر قومی اسمبلی کی رکن بنیں اور پھر اس وقت بھی ان کا ضمیر کیوں نہیں جاگا جب انہوں نے بطور ایم این اے ملنے والے تمام ترقیاتی فنڈز پنجاب کے کسی پسماندہ علاقے میں خرچ کرنے کی بجائے سندھ کے صرف ایک انتخابی حلقہ میں خرچ کر دئیے۔ فیصل صالح حیات نے پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ ہمارے بعض ساتھیوں کے ضمیر کا بھی جواب نہیں جب تک پارٹی میں ان کے مفادات کی تکمیل ہوتی رہے وہ بڑے مزے میں رہتا ہے لیکن جب ان کی کوئی بات پوری نہ ہو تو وہ جاگ اٹھتا ہے اور پھر انہیں پارٹی فیصلوں میں خامیاں نظر آنے لگتی ہیں، ذاتی مفادات کو پارٹی مفادات پر ترجیح دینا کیسی سیاست اور کون سا اخلاق ہے؟ انہوں نے کہا کہ ماروی میمن کو پارٹی کے فیصلوں کے برعکس اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے پارٹی کے فیصلوں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھی اپنے ضمیر سے پوچھنا چاہئے تھا اب بھی مسلمہ روایات کے برعکس اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو پیش کرنے کی بجائے سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے انہوں نے ایوان میں مستعفی ہونے کا ڈرامہ کیا۔ فیصل صالح حیات نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت میں شمولیت کے بعد پاکستان مسلم لیگ اپنے تمام ارکان اسمبلی کو تو وزیر نہیں بنا سکتی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماروی میمن نے اپنے تمام فنڈز حلقہ این اے 237 میں خرچ کیے اس وقت انہیں پنجاب، سندھ یا پاکستان کے کسی اور حلقہ کے عوام کا خیال کیوں نہیں آیا؟ فیصل صالح حیات نے کہا کہ وہ ماروی میمن کو پارٹی پالیسی سے انحراف پر مسلسل سمجھاتے رہے اور کئی بار یاد دلایا کہ وہ اخلاقی طور پر بھی پارٹی فیصلوں کو تسلیم اور ان پر عملدرآمد کرنے کی پابند ہیں لیکن انہوں نے ہمیشہ اپنی ذاتی رائے کو پارٹی کے فیصلوں اور مفادات پر ترجیح دی۔


23:33
Posted in:
0 comments:
Post a Comment