پنجاب کو امن و امان کا گہوارہ کہنا حقائق کے برعکس ہے، شہباز شریف
لاہور(لائیو پاکستان ڈاٹ کام) پنجاب حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ پونے دو لاکھ پولیس اہلکاروں میں سے تقریبا ساٹھ ہزار سزا یافتہ ہیں اور صوبے کو امن و امان کا گہوارہ کہنا حقائق کے منافی ہے۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر قانون نے ایوان کو بتایا کہ ایک لاکھ77ہزار 492ملازمین پر مشتمل پولیس فورس کے59473ملازمین کو بدعنوانی، نا انصافی اور غفلت کی بنیاد پر سزائیں دی گئیں ہیں جن میں ان کی برطرفی اور تنزلی بھی شامل ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب اپوزیشن کے بعض نکات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب امن کا گہوارہ ہے یہ بات حقائق کے مطابق نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے صوبے میں امن وامان کی بہتری کے لئے کوششیں جاری رکھنے کا اعلان کیا اور تسلیم کیا کہ پنجاب کو امن کا گہوارہ کہنا حقائق کے مطابق نہیں ہوگا،
وہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں بجٹ پر کٹوتی کی تحریکوں پر بحث کے دوران امن وامان کے حوالے سے اظہار خیال کررہے تھے ، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایوان میں اپوزیشن سمیت تمام ارکان کی طرف سے پیش کی گئی آراءاور تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا جہاں ممکن ہو گا، انہیں صدق دل سے شامل کرلیا جائے گا کیونکہ اسمبلی میں بجٹ کا مقصد ہی یہ ہے کہ قوم کی ایک ایک پائی اس طرح خرچ کی جائے جس کا عوام کو پوری طرح فائدہ پہنچ سکے، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اگر یہ کہا جائے کہ پنجاب امن کا گہوارہ ہے تو حقائق کے خلاف بات ہے تاہم امن وامان برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ان کا کہنا تھا کہ میں کسی ایک شخص کو دوش نہیں دینا چاہتا مگر یہ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ ہم نے جن افسروں کو او ایس ڈی بنایا تھا بعد میں آنے والوں نے انہیں پرکشش پوسٹنگ اور ترقیاں دیں جن کے منفی اثرات مرتب ہوئے، ہم نے باکردار افسروں کی تقرری کی اور میں ڈنکے کی چوٹ پر یہ کہتا ہوں کہ اس وقت پولیس کے سپہ سالار مکمل طور پر پروفیشنل اور ایماند ہے، ان کا کہنا تھا کہ برائی کینسر کی طرح پھیلی ہوتی ہے، ہم اخبارات اور میڈیا سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں لیکن یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ یہاں پنجاب بنک میں 75 ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا جاتا ہے اسی طرح این آئی سی میں ڈکیتی کی جاتی ہے جب یہ سب ہو گا تو اس کے اثرات مجرموں کی حوصلہ افزائی کی صورت میں سامنے آئیں گے لیکن ہم عوام کے جان ومال کے تحفظ پر ہر چیز لگا دیں گے اور کرپشن پر قابو پانے کیلئے کوشش جاری رکھیں گے، اس مرحلہ پر حکومتی ارکان نے نعرہ بازی بھی کی۔سرکاری ہینڈ آﺅٹ کے مطابق اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ گذشتہ دور میںپولیس وردیوں میں ملبوس ڈاکو اور ریٹائرڈ پولیس افسران کو فیلڈ میں تعینات کیاگیا اوراس طرح نہ صرف قانون اور انصاف کی دھجیاں اڑائی گئیں بلکہ جرائم کی شرح میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا- انہوںنے کہاکہ جہاں پنجاب بینک میں 75ارب اور این آئی سی ایل میں 6 ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا جائے تو وہاں ڈکیتی ‘چوری اوردیگر جرائم پروان نہیں چڑھیںگے تو اور کیاہوگا؟ انہوں نے کہا کہ ہم نے میرٹ کو فرو غ دیا اور محنتی و ایماندار افسران کو فیلڈ میں تعینات کیااور آج میں یہ بات ڈنکے کی چوٹ پر کہہ سکتا ہوں کہ صوبے میں حکومت سنبھالنے سے آج تک ایماندار اور باصلاحیت افسران کو پولیس کا سپہ سالار مقرر کیاگیاہے۔انہوںنے کہاکہ ہمارا ہر قدم عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لئے اٹھ رہا ہے اور ہم امن و امان کے قیام کے لئے صدق دل سے کاوشیں کررہے ہیں- انہوںنے کہا کہ میں ایوان کو یقین دلاتا ہوں کہ امن و امان کے حوالے سے بحث کی روشنی میںپولیس کی کارکردگی اور امن و امان کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے-وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے کہا کہ امن و امان سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی اور ا س مقصد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں- انہوںنے کہاکہ اس امر کو بھی یقینی بنایاگیاہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے جو فنڈز صرف کئے جارہے ہیں ان کی ایک ایک پائی کا فائدہ عوام کو پہنچے- انہوں نے کہا کہ اس الزام میں کوئی حقیقت نہیں کہ جن راشی افسروں کو ہٹایا گیا تھا وہ فیلڈ میں دوبارہ لگ گئے ہیں ۔حقیقت یہ ہے کہ اپنے گذشتہ دور میں ہم نے جن بدعنوان افسران کو او ایس ڈی بنایاتھا پچھلی حکومت نے انہیں چن چن کر نہ صرف بہترین عہدوں پر تعینات کیا بلکہ ترقیاں بھی دیں- فیصل آباد میں ایک ایسے ہی پولیس افسر کو تعینات کیاگیا جس کے دور میں کم سن بچی سے زیادتی کا اندوہناک واقعہ رونما ہوا- اسی طرح ایک ریٹائرڈ پولیس افسر کو ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایس پی تعینات کرکے انصاف کو تہہ و بالا کیاگیا اوریہ دور ایسے واقعات کے تسلسل سے بھرا پڑا ہے جہاں میرٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے منظور نظر اور کرپٹ افراد کو فیلڈ میں تعینات کیاگیا- انہوںنے کہاکہ میںپولیس کی کارکردگی بہتر بنانے اور محکمے کو خامیوں سے پاک کرنے اور جرائم کے خاتمے کے لئے ایوان کی آراءسے پوری طرح متفق ہوں اور اس مقصد کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں- انہوںنے کہاکہ میں ایوان کو یقین دلاتا ہوں کہ امن و امان کا قیام اور عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لئے کوئی بھی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی-


23:40

Posted in:
0 comments:
Post a Comment