اسلام آباد(ایجنسیاں)ایبٹ آباد واقعہ پر جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن کا پہلا اجلاس گزشتہ روز یہاں وفاقی دارالحکومت میں ہوا۔ افتتاحی اجلاس میں کمیشن نے اپنے قواعد وضوابط اور تحقیقات کا طریقہ کار وضع کیا اور کمیشن کی رابطہ سیکریٹری نرگس سیٹھی نے ایبٹ آباد واقعے کے حوالے سے اب تک کی تحقیقات اور متعلقہ ریکارڈ سے کمیشن کو آگاہ کیا جبکہ کمیشن کا باقاعدہ اجلاس 11 جولائی بروز پیر کو ہوگا۔ کمیشن نے اپنے پہلے اجلاس میں ایبٹ آباد واقعہ کی تحقیقات تک اسامہ کے خاندان کو واپس بھیجنے سے روک دیا ہے اور عسکری حکام سے تمام معاملے پر بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیشن مکمل طور پر بااختیار ہوگا اور اسے کسی بھی فرد کو بلانے کا اختیار حاصل ہوگا جبکہ ایبٹ آباد واقعے سے متعلق اگر کوئی شہری اپنا بیان کمیشن کے سامنے قلمبند کرانا چاہے تو اسے اپنا بیان ریکارڈ کرانیکی اجازت ہوگی اور اس حوالے سے ایک اشتہار بھی کمیشن کی جانب سے جاری کیا جائیگا۔ اجلاس میں کمیشن ارکان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ندیم احمد ‘ سابق آئی جی عباس خان ‘ اشرف جہانگیر قاضی اور کمیشن کی رابطہ سیکرٹری و وفاقی سیکرٹری کابینہ ڈویژن نرگس سیٹھی نے شرکت کی۔


12:12
0 comments:
Post a Comment